کراچی (محمد ناصر) پاکستان کی شان اور سروں کے بادشاہ راحت فتح علی خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ”پاکستان آئیڈل“ کے ٹاپ 3 فاتح گلوکاروں کو اپنے پلیٹ فارم سے بین الاقوامی سطح پر متعارف کرائیں گے اور انہیں اپنے ساتھ ورلڈ ٹور پر لے جا کر دُنیا بھر میں پرفارم کرائیں گے۔جیو اور جنگ سے خصوصی گفتگو میں راحت فتح علی خان نے کہا کہ“میرا مقصد پاکستان کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر روشناس کرانا ہے۔ بس انہیں اس قابل ہونا ہوگا کہ وہ بڑے اسٹیج کو سنبھالنا سیکھ جائیں، بغیر سیکھے پرفارم کرنا خود کو امتحان میں ڈالنے کے مترادف ہے، آرٹ اور کلچر کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔”اپنے بیٹے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ”پوری دنیا اس کے مداح ہیں، میرا بیٹا ہر وقت میرے ساتھ اسٹیج پر رہتا ہے“۔ راحت فتح علی خان نے کہا کہ ٹیلنٹ ہمیشہ پوشیدہ ہوتا ہے، اسے نکھارا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ“پاکستان آئیڈل میں پانچ سے چھ امیدوار بالکل نیچرل ہیں، وہ سیکھے ہوئے نہیں بلکہ فطری گلوکار ہیں،اپنی میوزک اکیڈمی سے متعلق انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی پر کام جاری ہے۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ“پاکستان کے چھوٹے شہروں جیسے فیصل آباد، گھوٹکی اور لیہ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔اپنے مستقبل کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ وہ نئے گلوکاروں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے مشن پر ہیں۔”یاد رہے کہ ”پاکستان آئیڈل“ کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے ”جیو ٹی وی“ پر جاری ہیں، جہاں نئے گلوکار اپنی آواز سے ناظرین کے دل جیتنے میں مصروف ہیں۔میوزک کے سب سے بڑے اس شو کا گالا راؤنڈ ہفتے سے شرو ع ہورہا ہے۔ 13 ویں قسط ہفتے کی شب 8 بجے ”جیو ٹی وی“سے نشر کی جائے گی۔