مظفر آباد (نمائندہ جنگ، راجہ افتخا ر) آزاد کشمیر میں تحریک عدم اعتماد، رائے شماری کل ہوگی ، اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا، پیپلزپارٹی نے 45اراکین کی حمایت کا دعویٰ کردیا ، ارکان اسمبلی ہاتھ اٹھا کر قرار داد کے حق میں ووٹ دیں گے ،کامیابی پر چوہدری انوار الحق وزارت اعظمیٰ سے فارغ ، راجہ فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی پیر 17 نومبر کو وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد پر رائے شمار ی کرے گی ۔ اسپیکر قانون سازاسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس 17نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 6 مرتبہ تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی ہیں، چار مرتبہ کامیاب دو مرتبہ ناکام ہوچکی ہیں، اب ساتویں مرتبہ تحریک عدم اعتماد میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیش کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کے پاس 30 اراکین اسمبلی جبکہ مسلم لیگ کے پاس 9 اراکین اسمبلی کی اکثریت موجود ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے چار اراکین اور مسلم کانفرنس کے ایک ممبر اسمبلی عدم اعتماد کی تحریک میں حصہ نہیں لیں گے۔