• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں امریکی کمپنیوں کیلئے منافع بخش مواقع موجود ہیں‘ پاکستانی سفیر

اسلام آباد (فاروق اقدس) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ریاست کنیکٹیکٹ کا دورہ کیا اور ریاست کی سب سے بڑی کاروباری تنظیم کنیکٹیکٹ بزنس اینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن ’’سی بی آئی اے‘‘ کے سی ای او کرس ڈی پنٹیما اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔سفیر پاکستان نے بتایا کہ پاکستان میں امریکی کمپنیوں کیلئے منافع بخش مواقع موجود ہیں، امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور معاشی بنیادوں پر تذویراتی تعلقات کا فروغ دونوں ملکوں کی قیادت کی اہم ترجیح ہے، انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنیات، توانائی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے پر زور دیا۔ ملاقات میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور پاکستانی نژاد کاروباری شخصیت ظہیر شرف بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران پاک،امریکہ معاشی تعلقات، پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے منافع بخش کاروباری امکانات، پاکستان کے تذویراتی محل وقوع، اے آئی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت اور مختلف صنعتی شعبوں میں دستیاب مواقع پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کی وافر افرادی قوت، کاروبار دوست حکومتی پالیسیاں اور تذویراتی محلِ وقوع ملک کو سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش منزل بناتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید