کراچی ( اسٹاف رپورٹر) دو روزہ آٹھواں سندھ لٹریچر فیسٹیول شروع ، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔ افتتاحی سیشن سے ناصر حسین شاہ، مہتاب اکبر راشدی ، گہنور خان لغاری ،سرفراز راجڑ ،فہیم زماں خان،تشنا پٹیل ، ڈاکٹر سارہ گل ، اور دیگر نے خطاب کیا۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ رواداری ، در گذر ، برداشت ،امن اور محبت کی دھرتی ہے ،بشری بی بی کے متعلق ساری باتیں حقائق ہیں۔معروف مصنفہ رکن قومی اسمبلی مہتاب اکبر راشدی نے کہا کہ اپنی تاریخ کو اور ثقافت کو محفوظ کرنا سیکھیں، ہمیں اپنے گھر سے تبدیلی کی شروعات کرنا ہونگی،ہر خطے کی اپنی ثقافت اور تہذیب ہے، یہ میلے لوگوں کو آپس میں جوڑتے ہیں۔ حکومت اس طرح کے پروگراموں کی مدد کرے۔ کراچی کے سابق ایڈمنسٹریٹر فہیم زماں خان نے کہا کہ مزاحمتی ادب ہمیشہ زندہ رہتا ہے اورسندھی ادب مزاحمتی ادب ہے۔ سندھی ایک قومی زبان اور سندھی ادب ایک شاہکار ہے۔