واشنگٹن (اے ایف پی)صدرٹرمپ کا بی بی سی پر 5ارب ڈالر تک ہتک عزت مقدمہ دائر کرنیکا اعلان، امریکی صدر کا کہنا تھا نشریاتی ادارےکی چالبازی سے عوام کا اعتماد مجروح ہوا، تقریر کو گمراہ کن انداز میں ایڈٹ کیاگیا۔ بی بی سی کی معذرت مگر ہرجا نہ دینے سے انکار، ٹرمپ کا معاملہ برطانوی وزیر اعظم کے سامنے اٹھانے کا عندیہ، کئیر اسٹارمر کا امریکی صدر کیساتھ براہ راست اختلاف سے گریز، مگر انہوں نے بی بی سی کی ادارہ جاتی آزادی کا دفاع کیا ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بی بی سی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گے جس میں 1 سے 5 ارب ڈالر تک کا ہرجانہ طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی سی نے ان کی تقریر کا ایسا ایڈٹ نشر کیا جو یہ تاثر دیتا تھا کہ انہوں نے 6 جنوری 2021 کو کیپیٹل ہِل پر حملے سے پہلے اپنے حامیوں کو ’’تشدد پر اکسانے‘‘ کی براہِ راست ترغیب دی تھی۔یہ ویڈیو کلپ بی بی سی کے معروف پروگرام "پینوراما" میں 2024 کے انتخابات سے قبل نشر ہوا تھا اور گزشتہ ہفتے دوبارہ سامنے آنے پر بڑا تنازع کھڑا ہوگیا۔ بی بی سی نے اعتراف کیا کہ ایڈٹ گمراہ کن تھا اور ادارے نے عوام سے معذرت بھی کی۔