کراچی(ٹی وی رپورٹ)برطانوی جریدے (دی اکانومسٹ) میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ میں شریک مصنفہ بشری تسکین کا کہنا تھا کہ بشری بی بی نے روحانیت کا لبادہ اوڑھا ہوا تھا، وہ بانی پی ٹی آئی کو کنٹرول کرنے میں کافی حد تک کامیاب ہو گئیں لیکن ملک کا حال سب کے سامنے ہے،تقرر اور تبادلے ہر چیز جادو اور علم کی بنیاد پر ہو رہی تھی ، سیاسی تجربے کی کمی کے باعث بشری بی بی جلد ایکسپوز ہو گئیں، بشری بی بی کے پاس کوئی طاقت ہوتی تو پی ٹی آئی اور بانی کا وہ حال نہ ہوتا جو ہوا۔رپورٹ کے حوالے سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سب جانتے ہیں عمران خان خاتون کے زیر اثر تھے ،سینئر سیاستدان عون چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کا بیوی سے پوچھ کر فیصلے کرنا شرمناک ہے۔ شریک مصنفہ بشری تسکین نے مزید کہا کہ یہ جو سارا کچھ اسٹوری کے اندر ہے اس کی رپورٹنگ پاکستانی میڈیا میں ہوتی رہی ہے لیکن ہم نے اس پر جب کام شروع کیا تو بہت ساری ایسی معلومات اور حقائق سامنے آئے جوچونکا دینے والے تھے ، بشری بی بی کی روحانی بصیرت تھی جس کا انہوں نے لبادہ اوڑھا ہوا تھا اور وہ بانی پی ٹی آئی کو اس چیز کے ذریعے ہی کنٹرول کرنے میں کافی حد تک کامیاب ہو گئیں لیکن اس کے بعد ملک کا جو حال ہوا وہ سب کے سامنے ہے ۔ایک سوال کے جواب میں میں کہنا تھا کہ شائع ہونے والی رپورٹ میں سینئر اینکر پرسن طلعت حسین کے ٹویٹ کو کوڈ کیاگیا ہے جو انہوں نے یہ تمام باتیں مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز پر نشر ہونے کے بعد کیا تھا، طلعت حسین نے ہمیں بتایا کہ ان کے ٹویٹ پر اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ آپ نے جو ٹویٹ کیا ہے یہ آپ نے اچھا نہیں کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیاسی وعدے صرف وعدوں تک محدود تھے ان میں سے کسی ایک پر بھی ہم نے عملدرآمد ہوتے نہیں دیکھا۔ہم نے جب اسٹوری کے سلسلے میں ان کی پارٹی اور کیبنٹ کے سینئر اراکین ، قریبی ساتھیوں ،پارلیمنٹرین، ٹکٹ ہولڈرز سے رابطہ کر کے ان کے تفصیلی انٹرویو ریکارڈ کئے تو اکثریت کا ماننا تھا خان صاحب کی پالیسیاں ناکام تھیں، چاہے وہ ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے تھیں ، وہ سیاسی اصلاحات تھیں ،بعد میں بانی نے جس طرح سے اپنا موقف تبدیل کیا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے رول کیخلاف ہیں یا جو پارلیمانی سیاست ہے اس میں جو ایجنسیوں یا فوج کا کردار ہے وہ اس کیخلاف ہیں لیکن اصل میں وہ اسی پاورفل بارڈرز کی جانب سے لائے ہوئے تھے ، وہی ان کے سہولت کار تھے ، وہی ان کو چلانے والے تھے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جب بانی اور بشری بی بی کی نئی شادی ہو ئی تھی تو اس وقت جمائمہ نے ایک ٹویٹ کیا تھا جس میں انہوں نے ایک اینیمیٹڈ تصویر بھی لگائی تھی اور انہوں نے اس کو ایک ٹائٹل بھی دیا تھا اور کچھ دیر بعد انہوں نے ٹویٹ ڈیلیٹ بھی کردیا تھا اس میں بھی کالے جادو اور تمام چیزوں کا ذکر تھا ، یہ باتیں بین الا اقوامی میڈیا میں اس طرح سے رپورٹ نہیں ہوئیں لیکن بین الا اقوامی میڈیاان چیزوں کے بارے میں سوالات ضرور کرتے رہے ہیں اورجب ہم نے اس چیز کو پک اپ کیا تو اس وقت ہمارے لئے کافی مشکل تھا انٹرنیشنل آڈینس اوراپنے ادارے کو یہ چیز کس طرح سمجھا پائیں گے لیکن ہم نے جو ثبوت اکھٹے کئے ، جن لوگوں سے جا کر ہم ملے اور معلومات ہمارے ہاتھ آئیں اسکے بعد ہمارے لئے چیز کافی آسان ہوتی چلی گئی ۔