کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں ڈینگی سے مذید تین ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق ایک ہلاکت کراچی جبکہ دو حیدرآباد میں رپورٹ ہوئیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سندھ کی جاری کردہ یومیہ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 113مریض سرکاری اسپتالوں میں داخل کیے گئے جبکہ نجی اسپتالوں میں 57نئے کیسز سامنے آئے۔ کراچی ڈویژن میں 44، حیدرآباد میں35اور صوبے کے دیگر اضلاع سے 34نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت صوبے بھر میں ڈینگی کے 241 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ لیبارٹریز میں کیے گئے 5ہزار 229ٹیسٹس میں سے 774 افراد کے نتائج مثبت آئے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ آج 191مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گھروں، دفاتر اور اردگرد موجود پانی کے ذخائر کو ختم کریں۔