کراچی (مطلوب حسین/ اخترعلی اختر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچرل فیسٹیول 2025“ فیسٹیول کے 16ویں روز کویت کی Lapa ڈانس کمپنی کی جانب سے فلسطین میں شہید ہونے والے صحافیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ”Where Words Die “ میں بہترین ڈانس پرفارمنس کیا گیااور فیوژن بینڈ کا جادو چل گیا۔ کمپنی کی چیف کوریوگرافر ڈاکٹر ٹیناتھیں جبکہ پرفارم کرنے والوں میں Rawan Sameer salamah(فلسطین)، Christine Nikitha ,Chathura Navodya( سری لنکا) ، بدر مصطفی ، دلال عبداللہ( کویت ) اور ایران سے فاطمہ نگھدار شامل تھے۔ فنکاروں نے ڈانس کے ذریعے غزہ میں صحافیوں کے قتل کے سنگین جرم کو نمایاں کیا۔جس پر شائقین نے خوب تالیاں بجاکر خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پرڈانس کمپنی لاپا کی سربراہ Fareah Al Saqqaنے کہاکہ فلسطین میں شہید ہونے والے صحافیوں کی کہانی آپ کو اپنے انداز سے پیش کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ فیسٹیول کے 16روز کا آغاز ایرانی مصور M. Reza Ferdowsi Fardکی جانب سے فائن آرٹ ورکشاپ سے ہوا جس میں انہوں نے خطاطی کے بنیادی اصول پر خصوصی لیکچر بھی دیا۔ ایم رِضا فردوسی فرد نے بتایا کہ کیلی گرافی میں پہلا حرف ”الف“ استعمال ہوتا ہے کیونکہ اللہ کے نام کا آغاز بھی ”الف“ سے ہوتا ہے، حرف ”الف “کو ہر قلم سے تین نقطوں کے مساوی لکھا جاتا ہے، فنِ خطاطی میں پہلا قدم ہمیشہ ب کے نقطے سے شروع ہوتا ہے، ”بسم اللہ“ کا خلاصہ حرف ”ب“ میں، اور ”ب“ کا خلاصہ اس کے نقطے میں پوشیدہ ہے۔ ”ب“ کا نقطہ ہی اسلامی خطاطی کی سب سے بڑی علامت ہے۔ ”فلم اسکریننگ“ میں ہدایت کار نبیل قریشی کی پاکستانی فلم ” نامعلوم افراد“ پیش کی گئی جس کی مصنفہ فضا علی مرزا ہیں۔ فلمی نشست میں ڈائریکٹر نبیل قریشی اور مصنفہ فضا مرزا نے شرکت کی۔مصنفہ فضا علی مرزا نے کہاکہ کراچی میں دو بڑے سینما بند ہوچکے ہیں احمد شاہ سے کہوں گی کہ آڈیٹوریم IIکو سینما میں تبدیل کردیں۔