کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا کی ایک تہائی آبادی سر درد سے متاثر، خواتین سب سے زیادہ شکار، عالمی سطح پر تقریباً 3 ارب لوگ کسی نہ کسی قسم کے سر درد میں مبتلا ہیں۔
درد شقیقہ(Migraine) سر درد سے منسوب معذوری کی سب سے بڑی وجہ ہے جب کہ درد کم کرنے والی دوائیوں کے زیادہ استعمال سے بھی تکلیف مزید بڑھ سکتی ہے، جسے میڈیکیشن اوور یوز ہیڈیک کہتے ہیں۔
خواتین کو مردوں کی نسبت سر درد سے متعلق مسائل کا سامنا زیادہ ہے، ان کی سر درد سے منسوب معذوری کے سال (YLD) بھی زیادہ ہیں۔ بہتر علاج تک رسائی، خاص طور پر کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں اس مسئلے کے بوجھ کو کم کر سکتی ہے۔
یونیورسٹی آف واشنگٹن اور نارویجن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تحقیق میں 42 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جس سے یہ ظاہر ہوا کہ خواتین زیادہ عرصے تک اور زیادہ شدت کے ساتھ سر درد برداشت کرتی ہیں اور اسی لیے ان کے سر درد سے منسوب معذوری کے سال (YLDs) مردوں سے کہیں زیادہ ہیں۔
تحقیق میں بتایا ہے کہ یہ شرح خواتین کے لیے 740 معذوری کے سال(YLDs) فی ایک لاکھ افراد جبکہ مردوں کے لیے 364 معذوری کے سال(YLDs) فی ایک لاکھ افراد ہے۔
تحقیق کے مطابق دردِ شقیقہ (Migraine) سر درد سے متعلق معذوری کی سب سے بڑی وجہ ہے جو کل معذوری کا تقریباً 90 فیصد بنتی ہے۔