کراچی(اسٹاف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں پہلی بار ایک روزہ آفیسرز اور آفیشل کیلئے تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا اس طرح کی نشستوں کے انعقاد سے طلباء و طالبات، والدین، اساتذہ کرام اور بورڈ کے آفیسرز اور آفیشل کے درمیان باہمی آہنگی کی فضا برقرار رہتی ہے۔ یہ تربیتی نشست چیئرمین بورڈ غلام حسین سوہو کی خصوصی ہدایت پر منعقد کی گئی۔ چیئرمین بورڈ نے اس بات کو محسوس کیا کہ ادارے میں آنے والے اساتذہ کرام، والدین اور طلباء و طالبات اور بورڈ کے آفیسرز اور آفیشل کے ساتھ باہمی آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ اس نشست کا مقصد بورڈ ملازمین کو عوامی تعلقات اور حسن سلوک کے حوالے سے آگاہی اور ترغیب فراہم کرنا تھا مہمان مقرر مظہر منیر نے نشست سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ کس طرح مثبت رویہ اور موثر باڈی لینگویج عوامی خدمات میں بہتری لا سکتی ہے۔