راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر انفورسمنٹ اسکواڈ نے ڈیفنس روڈ اور اٹامک انرجی ہاؤسنگ سکیم راولپنڈی میں غیر قانونی تعمیرات مسمار جبکہ ایک گھر کو سر بمہر کر دیا ، آر ڈی اے کے مطابق یہ کارروائی کمرشلائزیشن چارجز کی عدم ادائیگی پر غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف کی گئی، مالکان جائیداد نے تعمیرات کے لیے درکار منظوریوں اوراین او سی حاصل کیے بغیر ریگولیشنز کی خلاف ورزی کی تھی، جس پر آپریشن کیا گیا جس میں بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا گیا، ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ کو ہدایت کی ہے کہ بغیر کسی دباؤ یا سفا رش کے تمام تجاوزات اور غیر قانونی رہائشی و کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے، بلڈنگ کنٹرول ونگ غیر قانونی تعمیرات، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشہ جات اور دیگر فیس و چارجز کے حوالے سے جامع سروے کرے اور آر ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریاز میں تمام غیر قانونی تعمیرات کو ریگولرائز کیا جائے۔ ادھرشعبہ انفورسمنٹ کہ انچارج عمر خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 22نمبر ٹینچ ڈھوک سیداں پیپل کالونی مصریال روڈ رینج روڈ الہ آباد پشاور روڈ نصیرآباد ویسٹرج حافظ آباد اور دیگر علاقوں میں گزشتہ روز تجاوزات کے خلاف گرینڈ اپریشن کیا۔