راولپنڈی ( خبر نگار خصوصی)اسٹیڈیم روڈ کے تاجران اور اہلیانِ علاقہ نے پنڈی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے دوران ٹریفک بندش کو شہریوں کے لیے شدید اذیت قرار دیتے ہوئے اسٹیڈیم کو گنجان آبادی سے فوری طور پر منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر تاجران پنڈوڑہ بازار راجہ غلام اصغر عباسی نے گزشتہ روزاپنے ایک بیان میں کہاہے کہ اسٹیڈیم میں میچز کے دوران ڈبل روڈ بند ہونے سے آدھی پنڈی یرغمال بن جاتی ہے۔ ان کے مطابق سید پور روڈ، پنڈوڑہ بازار، مری روڈ، آئی جے پی روڈ، فیض آباد، آئی-8 اور اردگرد کے رہائشی علاقوں کی گلیاں تک شدید ٹریفک جام کا شکار ہو جاتی ہیں۔انہوں نے کہا ہےکہ لاکھوں شہری روز مرہ کی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں جبکہ سکول کے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کے لیے صورتحال مزید تکلیف دہ ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سے چار درجن افراد کو سیکورٹی دینے کے لیے ہزاروں اہلکار چوبیس گھنٹے ڈیوٹی دیتے ہیں مگر اس کا خمیازہ پوری آبادی کو بھگتنا پڑتا ہے۔