اسلام آباد (عاطف شیرازی) پاکستان نے دنیا کے ساتھ مل کر پہلی مرتبہ عالمی سروائیکل کینسر ایلیمینیشن ڈے منایا، جو کہ عالمی ادارۂ صحت کی اٹھہترویں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے فیصلے کے تحت عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس مہم کے تحت پنجاب، سندھ، اسلام آباد، اور آزاد جموں و کشمیر میں 9سے 14سال کی عمر کی 1کروڑ 30لاکھ سے زائد بچیوں کو اسکولوں اور صحت مراکز میں یہ مفت ویکسین فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا۔ مہم کے کامیاب اختتام تک 92لاکھ بچیوں کو یہ ویکسین لگائی جا چکی تھی۔ یکم جنوری 2026سے ایچ پی وی ویکسین کو باضابطہ طور پر قومی ای پی آئی پروگرام میں شامل کر دیا جائے گا، جس سے تمام بچیوں کے لیے حفاظتی ٹیکہ کاری کا یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔اس عالمی دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور عوامی آگاہی میں اضافہ کرنے کے لیے ڈوپاسی فاؤنڈیشن نے وفاقی دارالحکومت میں سروائیکل کینسر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا، جس میں کمیونٹیز، نوجوانوں اور صحت کے کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس واک کا مقصد بیماری سے بروقت بچاؤ، توجہ اور اجتماعی ذمہ داری کے پیغام کو عام کرنا تھا۔ سروائیکل کینسر پاکستان میں تیزی سے بڑھتا ہوا کینسر ہے، جہاں ہر سال پانچ ہزار سے زائد نئے کیسز اور تقریباً تین ہزار اموات ریکارڈ کی جاتی ہیں۔