• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، ٹرینوں کا نظام الاوقات درہم برہم کئی گھنٹے کی تاخیر، مسافروں کو شدیددقت ذہنی کوفت

کراچی (اعجاز احمد /اسٹاف رپورٹر) اندرون ملک سےکراچی آنے اور یہاں سے جانے والی ریل گاڑیوں کا نظام الاوقات درہم برہم ہوگیا ، تمام مسافر ٹرینیں اپنے مقررہ وقت کے بجائے کئی کئی گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچیں اور اسی مناسبت سے تاخیر کے ساتھ یہاں سے روانہ ہوئیں، جس کے باعث مسافروں اور انہیں اسٹیشن لانے اور یہاں سے لے جانے والے افراد کو شدید دقت اور ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو یہاں کراچی کینٹ اسٹیشن پر نئی شالیمار ایکسپریس، اسٹیشن کے اپ گریڈڈ ویٹنگ ایریاز اور لائونجز کے افتتاح کے موقع پر اہم ملکی و غیر ملکی شخصیات کی کینٹ اسٹیشن آمد کے سبب قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے اسٹیشن اور اس کے اطراف میں سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے، کسی بھی غیر متعلقہ شخص اور گاڑیوں کو اسٹیشن کی حدود اور پارکنگ ایریاز میں داخلے کی اجازت نہیں تھی، جس کے نتیجے میں مسافروں کے ساتھ ساتھ انہیں اسٹیشن تک چھوڑنے کیلئے آنیوالے یا اسٹیشن سے لے جانیوالے ا ن کے عزیزوں اور دوستوں کو سخت دشواری کا سامنا رہا، جب کہ جوافراد تقریب کے آغاز سے قبل اسٹیشن کی حدود میں داخل ہوچکے تھے، انہیں بھی وہاں سے نکلنے میں 2سے 3گھنٹے لگے۔ اسی طرح تقریب کے دوران اسٹیشن پہنچنے والے مسافروں اور انہیں چھوڑنے یا لے جانے کے لیے آئے افراد کو بھی اسٹیشن کی حدود میں داخلے سے روک دیا گیا ، جنہیں گھنٹوں اسٹیشن کے باہر انتظار کرنا پڑا۔ تقریب کے حفاظتی انتظامات کے پیش نظر کراچی آنے والی متعدد ریل گاڑیوں کو شہر کے مضافاتی اسٹیشنز یا کسی دوسرے شہر کے اسٹیشن پر روک دیا گیا تھا، جس کے باعث متاثرہ ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچیں اور اسی مناسبت سے ان کے یہاں سے روانگی کے اوقات ریلوے انتظامیہ نے طے کئے۔ اس صورت حال کے سبب قریباً تمام ریل گاڑیوں کی کراچی آمد ورفت کا نظام الاوقت درہم برہم ہوگیا اور مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اہم خبریں سے مزید