کراچی (اسٹاف رپورٹر) بیماری کا بہانہ بناکر پاکستان کے دورے سے وطن واپس جانے والے سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان چیرتھ اسالانکا کو قیادت سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ سری لنکا میڈیا کے مطابق انہیں تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ کرکٹ سری لنکا انہیں ہٹاکر یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ کوئی کھلاڑی کھیل سے بڑا نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسالانکا نے پاکستان میں اپنے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی بنیادوں پر واپس جانے کی مہم چلائی تھی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے سری لنکا ٹیم کو پاکستان میں اسٹیٹ سیکیورٹی فراہم کی گئی اور اعلٰی سطح کوششوں کے بعد سری لنکا نے دورئہ پاکستان جاری رکھا ۔ لیکن اسالانکا نے فلو کا بہانہ بناکر تیسرے ون ڈے میں شرکت نہیں کی پھر وہ اور فرنینڈو بیماری کی بنیاد پر وطن واپس روانہ ہوگئے۔ یہ دونوں کھلاڑی ان آٹھ کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے وطن واپس جانے کے لئے کہا تھا۔ کرکٹ سری لنکا کا کہنا ہے کہ لیگ اسپنروجے کانتھ ویا شکنا تھ کو تین ملکی ایونٹ کیلئے پاکستان طلب کیا گیا ہے۔ انہیں آل راونڈر ہسرنگا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہسرنگا ابھی تک مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں۔ وجے کانتھ دوحا قطر میں تین ملکی ٹورنامنٹ کھیل رہے تھے۔ اسالنکا کی جگہ ون رتھنائیکے کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔