کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں عرب امارات کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔ معاذ صداقت پھر ہیرو ثابت ہوئے۔ یہ اس کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ ایک اور میچ میں بنگلہ دیش اے نے افغانستان اے کو8 وکٹ سے شکست دی۔ دوحا میں گروپ بی میں امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 18 اوورز میں صرف 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سفیان مقیم نے12 رنز دے کر3 وکٹ حاصل کی۔ شاہینز نے ہدف چھٹے اوور میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ معاذ صداقت ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے4 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 37رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ انہوں نے عمان کےخلاف 96 اور بھارت اے کے خلاف 79 رنز بنائے تھے۔