• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہ فریقی ٹی 20 سیریز، نواز نے پاکستان کو فتح سے نواز دیا، زمبابوے کو افتتاحی میچ میں شکست

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فخر زمان ، عثمان خان اور محمد نواز نے پاکستان کی طوفان میں ہچکولے کھاتی کشتی کو کنارے لگادیا۔ تین ملکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سے شکست دے دی میچ کا فیصلہ چار گیندیں پہلے ہوا۔ محمد نواز نے پاکستان کو فتح سے نواز دیا، انہوں نے 12گیندوں پر20ناٹ آؤٹ رنز ایک چھکے اوردو چوکوں کی مدد سے بنائے اور دو وکٹ لیے۔ عثمان خان نےآؤٹ ہوئے بغیر37رنز 28 گیندوں پر اسکور کئے۔ دونوں نے36 رنز کی شراکت میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔ زمبابوے کو پاکستانی سرزمین پر مسلسل چھٹے ٹی ٹوئنٹی میں شکست ہوئی ہے۔ دسویں اوور میں54 رنز پر چار وکٹ گرچکے تھے ، فخر زمان نے ایک چانس ملنے کے بعد32 گیندوں پر44 رنز بنائے اور پانچویں وکٹ کیلئے عثمان خان کے ساتھ61رنز جوڑے ۔ آخری دو اوورز میں17رنز کی ضرورت تھی۔ بریڈ ایونز نے26 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔سکندر رضا نے چار اوورز میں30رنز دیے۔ منگل کی شب پنڈی اسٹیڈیم میں صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے27رنز کا اوپننگ اسٹارٹ دیا۔ صاحبزادہ 15گیندوں پر16رنز بناکر ایونز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ تین گیندوں پر بعد اسٹیڈیم میں اس وقت سناٹا چھا گیا جب بابر اعظم بغیر کوئی رنز بنائے ایونز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ دنیا کے صف اول کے بیٹر چھٹی ٹی ٹوئنٹی اننگز میں تیسری بار صفر پر آوٹ ہوئے۔ ماپوسا نے کپتان سلمان آغا کو ایک رن پر ایل بی ڈبلیو کرکے مشکلات میں اضافہ کردیا۔30 رنز پر تین وکٹ گر گئے۔ صائم ایوب غیر ذمے دارانہ اسٹروک کھیلتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ ہوگئے ،انہوں نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے26 گیندوں پر22 رنز بنائے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا انتخاب کیا۔زمبابوے نے تیز اسٹارٹ لیا اور 8 وکٹ پر 147 رنز بنائے۔ پاکستانی بولروں نے آخری پانچ اوورز میں35رنز پر چار وکٹیں حاصل کیں۔ سکندر رضا نےناٹ آؤٹ 24گیندوں پر34رنز تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے۔ ایک موقع پر زمبابوے کا اسکور ایک وکٹ پر91رنز تھا۔ اوپنر بیٹر برائن بینٹ نے شاندار 49 رنز کی اننگز 36 گیندوں پر8چوکوں کی مدد سےکھیلی، مارونامی 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انہوں نے22 گیندوں کا سامنا کیا، ایک چھکا اور تین چوکے مارے۔ دس اوورز میں اسکور ایک وکٹ پر88 رنز تھا۔ ایک سو رنز13.1اوورز میں بنے۔ اسپنر محمد نواز نے22 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ ابرار احمد 28 ، سلمان مرزا 21 ، صائم ایوب 31 اور شاہین آفریدی نے34 رنز دے کر ایک ایک وکٹ لی۔ جمعرات کو دوسرا میچ زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔