کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سربراہ پی سی بی یوتھ ڈیولپمنٹ اظہر علی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپنی راہیں جدا کر لیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر19میں ذمے داریاں دینے پر خوش نہیں ہیں حالانکہ سرفراز اور اظہر علی پرانے دوست ہیں ۔ اظہر علی کے قریبی ذرائع نے استعفی کی تصدیق کرتے ہوئے وجہ کو نجی قرار دیا ہے۔ سابق کپتان اظہر علی کا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر 2010 سے 2022 تک 12 سالوں پر محیط ہے۔ انہوں نے 97 ٹیسٹ اور 53 ون ڈے میچز کھیلی، جبکہ9 ٹیسٹ اور 31 ون ڈے میچوں میں کپتانی بھی کی۔ انہوں نے سرفراز احمد کی قیادت میں 2017 میں ملک کی تاریخی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی پی سی بی کی بعض پالیسیوں سے ناخوش تھے۔ ان کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں کیا گیا۔ نہ اس بارے میں ترجمان نے تصدیق یا تردید کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی لاہور میں نجی اکیڈمی چلاتے ہیں اور ان کا بیٹا بھی اس وقت ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا ہے۔