• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں کیمرے لگنے کے باوجود ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے مزید 2 شہری جاں بحق

کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ای چالان ٹکٹنگ سسٹم اور کیمرے لگنے کے باوجود ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے۔ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے مزید 2 شہری جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی یو ٹرن کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی ۔ مشتعل افراد کی جانب سے واٹر ٹینکر پر پتھراؤ اور اسے جلانے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے صورتحال پر قابو پا لیا۔حادثے کے بعد سڑک پر بد ترین ٹریفک جام بھی ہوگیا ۔متوفی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ متوفی کی عمر 20 برس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔فنگر پرنٹس کی مدد سے اس کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے جبکہ پولیس نے واٹر ٹینکر کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے ۔سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود سپر ہائی وے پاکستان کانٹا کے قریب لوڈنگ ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 30 سالہ محمد نواز کے نام سے کی گئی ۔ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔ پولیس نے ٹرک کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔واضح رہے کہ رواں برس شہر میں اب تک ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 232 ہو گئی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید