کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہر میں فائرنگ اور چھری کے وار سے دو افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 6 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ تھانے کی حدود گلستان جوہر بھٹائی آباد جی تھری بس اسٹاپ ناصرہ ہاؤس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون زخمی ہوگئی ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچے ۔پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 45 سالہ علی اصغر جبکہ زخمی خاتون کی فوری شناخت سامنے نہیں آسکی ہے ۔ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ۔ واقعہ کے وقت علی اصغر اپنی کار میں سوار تھا اور ساتھ خاتون بھی موجود تھی کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی جس سے علی اصغر موقع پر جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہوگئی ۔ خاتون کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔ علی اصغر بھٹائی آبادکا ہی رہائشی تھا جبکہ اسکا آبائی تعلق سکھر سے بتایا جاتا ہے۔ مقتول علی اصغر کا بھائی بھی ماضی میں قتل ہوچکا ہے ۔ علی اصغر رئیل اسٹیٹ کا کام کرتا تھا جبکہ علی اصغر کرمنل ریکارڈ کا حامل تھا جس کے خلاف 6 مقدمات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 4تیس بور پستول کے خول برآمد کرلئے ہیں۔بوٹ بیسن تھانے کی حدود کیماڑی شیریں جناح کالونی سلاطین ہوٹل کے قریب چھری کے وار سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول کی شناخت 19 سالہ حماد اللہ ولد خان زادہ کے نام سے ہوئی ۔پوکیس نے بتایا کہ واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا ۔ محلے کے بچوں کے درمیان بچوں میں جھولا جھولنے پر جھگڑا ہوا جس میں بڑے کود پڑے جہاں جھگڑے کے دوران حماد چھری سے زخمی ہوا جو جانبر نہ ہوسکا ۔