پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں تعلیمی سال 2025-2026 کے لئے ہفتہ وار ہم نصابی سرگرمیوں کا پہلا سیشن منعقد ہوا۔ واضح رہے کہ یہ سرگرمیاں سیکرٹری اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیرِ نگرانی خیبر پختونخوا سنٹر آف ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریم ازم (کے پی سی وی ای) کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہیں۔ پشاور ریجن کے لئے نامزد فوکل پرسن ایمل ریاض خان نے کے ایم یو کے مقررہ فوکل پرسنز کے ساتھ قریبی روابط رکھتے ہوئے اس سیشن کے مؤثر اور منظم انعقاد کو یقینی بنایا۔ یہ پروگرام انسٹیٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبیلیٹیشن کی ویلفیئر سوسائٹیز نے ایونٹس سوسائٹی کے اشتراک سے ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر ڈاکٹرظلِ ہُما کی نگرانی میں ترتیب دیا۔تقریب کا مرکزی موضوع بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی تھا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق وائس چانسلر کے ایم یو کے ساتھ مختلف انسٹی ٹیوٹس کے سربراہان بھی موجود تھے۔مختلف مذاہب کے درمیان افہام و تفہیم، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لئے مقررین نے اپنے خیالات اور تجربات کا اظہار کیا۔