پشاور (خصوصی نامہ نگار) پیراپلیجک سنٹر پشاور تین دسمبر کو افراد باہم معذوری کا عالمی دن منانے کی تیاریوں کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی۔ چیف ایگزیکٹیو پیراپلیجک سنٹر ڈاکٹر سید محمد الیاس نے اس مقصد کیلئے تیار کردہ خصوصی بینر کی رونمائی کی، فیتہ کاٹا اور بینر کا ماڈل غباروں کے ساتھ فضا میں چھوڑ کر عالمی دن کی تقریبات اور تیاریوں کا علامتی آغاز کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید محمد الیاس نے کہا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور اور آئی سی آر سی کے اشتراک سے تین دسمبر کو افراد باہم معذوری کا عالمی دن پورے تزک و احتشام کے ساتھ منایا جا ئے گا جس میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی، کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیب، اکبر چائلڈ کئیر اور طبی خدمات سے وابستہ دیگر ادارے شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا بنیادی مقصد افراد باہم معذوری کے مسائل، علاج، بحالی اور جامع خدمات کی فراہمی کی اہمیت اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ بھی معاشرے کے باوقار اور مفید شہری بن کر مجموعی قومی پیداوار میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔