پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور میں بڈھنی خوڑ سے ملنے والی خاتون کی نعش کا معمہ حل ہوگیا، مقتولہ ناراض ہوکر گھر بیٹھی تھی جسے شوہر مناکر لے گیا اور بعد میں مبینہ طور پر قتل کرکے نعش پھینک دی تھی، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے ۔ تھانہ خزانہ پولیس کے مطابق 10نومبر کو بڈھنی خوڑ سے خاتون کی نعش ملی تھی جس کی بعد میں شناخت مریم دختر روزی خان سے ہوئی۔ بعد میں مقتولہ کے والد نے تھانے آکر رپورٹ کی کہ مریم اس کی بیٹی تھی جس کی 3سال قبل میرے بھانجے شبیر کے ساتھ سے شادی ہوئی تھی اور ان کا 15ماہ کا بیٹا بھی ہے ۔مدعی نے پولیس بیان دیا کہ 4نومبر کو اس کی بیٹی گھریلوناچاقی پر میکے آگئی تھی، 5نومبر کو اس کے شوہرشبیر نے آکر بیوی کومنایا اور ساتھ لے گیا۔وہ دوبارہ پوچھنے داما د کے گھر گئے تو گھر کو تالہ لگا ہواتھا اور وہ گھر بار چھوڑ کر جاچکے تھے۔ بعد میں سوشل میڈیا پر تصویر دیکھ کرورثاءتھانے پہنچے تو معلوم ہوا کہ اسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے ۔مدعی نے اپنے داماد پر قتل کی دعویداری کردی جس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کا کہناہے کہ ملزم مستری ہے جو واردات کے بعد روپوش ہے ،اس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔