اسلام آباد( نیو زرپورٹر)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ برس مون سون میں کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے ابھی سے تیاری کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم نے وزرات موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے تیار کردہ قلیل مدتی منصوبے کی منظوری دی اور اس پر فوری عملدرآمد شروع کرنے کی ہدایت کی ۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یہ ہدایت گزشتہ روزاپنی زیرِ صدارت موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کی حکومتی حکمت عملی پر منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دی جو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطا بق وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ وزرات موسمیاتی تبدیلی، وزارت منصوبہ بندی اور این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مربوط منصوبہ سازی کریں۔ وزیرِ اعظم نے پانی کے بہتر انتظام کے حوالے سے قومی سطح پر منصوبہ سازی کیلئے نیشنل واٹر کونسل کا اجلاس منعقد کرنے کی تیاری کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پیش کردہ قلیل مدتی منصوبے پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے۔