اسلام آباد (ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار) طلباء کو انسانی اسمگلنگ اور بے قاعدہ ہجرت کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کےپشاور ریسورس سینٹر کے تعاون سے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹیچرز ٹریننگ کالج پشاور میں ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔ جس میں ملازمت، تعلیم اور بیرون ملک سفر کے لیے محفوظ اور قانونی راستے اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمود علی کھوکھر نے شرکاء کو انسانی اسمگلنگ اور تارکین وطن کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے ایجنسی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جعلی ملازمت کی پیشکشوں اور غیر قانونی نقل مکانی میں ملوث مجرمانہ نیٹ ورکس کے استحصال کو روکنے کے لیے تکنیکی تعلیم اور نوجوانوں میں آگاہی کی اہمیت پر زور دیا، امیگرنٹ ریسورس سینٹر کوآرڈینیٹر حمید اللہ خان اور ایم آر سی کونسلر محمد حسین ابدالی نے نقل مکانی کے مختلف قانونی راستوں پر روشنی ڈالی اور بیرون ملک مواقع تلاش کرنے والے افراد کی رہنمائی میں ایم آر سی کے کردار کی وضاحت کی۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے غیر ملکی ملازمت کی پیشکشوں اور تعلیمی مواقع کی سرکاری اور مجاز چینلز کے ذریعے تصدیق کریں۔ سوال و جواب کے سیشن میں طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور علم کو بانٹنے کا عہد کیا۔