اسلام آباد (خبر نگار) ایڈیشنل سیشن جج ویسٹ اسلام آباد عبدالحفیظ میمن نے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر پھیلانے کا جرم ثابت ہونے پر حمد ارشد کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ مجرم کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے جس کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مقدمہ درج کیا تھا۔ مجرم نے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اس کے شوہر اور بھائی کو متعدد واٹس ایپ نمبرز کے ذریعے بھیجیں اور اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی شئیر کیں۔ فرانزک لیبارٹری کی ٹیکنیکل اینالیسس رپورٹس نے ملزم کے خلاف شواہد کو مزید مضبوط کیا۔ ملزم کو تین سال قید اور 1لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے مجرم کو 50ہزار روپے ہرجانہ کی رقم متاثرہ خاتون کو ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔