کراچی (اسٹاف رپورٹر) تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں میں زمبابوے نے سری لنکا کی مضبوط ٹیم کو یک طرفہ انداز میں67 رنز سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔ سری لنکا نے سکند رضا کے سامنے سرجھکادیا۔ کپتان سکندر رضا نے آل رائونڈ کارکردگی کے ذریعے فرنٹ سے لیڈ کیا اور جیت میں نمایاں رہے۔162 کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم آخری گیند پر95 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ دو کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ بریڈ ایونز نے9 رنز دے کر تین اوررچرڈ نگارا نے15 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ جمعرات کی شب پنڈی اسٹیڈیم میں سری لنکا نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سری لنکا کی ٹیم آف کلر دکھائی دی۔ بیٹنگ میں47 رنز کی نمایاں کارکردگی دکھانے کے بعد سکندر رضا نے چار اوورز میں23 رنز دے کر کمنڈو مینڈس کی وکٹ حاصل کی۔ اس طرح وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک سو وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ وہ اس فارمیٹ میں سو وکٹیں اور ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے تیسرے کرکٹر ہیں۔ شکیب الحسن اور محمد نبی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ پاکستان کے خلاف شکست کے بعد سکندر رضا نے کہا تھا کہ ہمیں جیت کیلئے لائن کراس کرنا ہوگی اور ان کا دعوی ٹیم نے درست ثابت کردکھایا۔ سری لنکا نے بدترین کارکردگی دکھائی جبکہ زمبابوے نے انہیں چاروں خانے چت کردیا۔ پاکستان کے ہاتھوں چار گیندیں پہلے اسے پانچ وکٹ سے شکست ہوئی تھی لیکن سری لنکا کے خلاف زمبابوے کی ٹیم مختلف ٹیم دکھائی دی۔ کپتان چیرتھ اسالنکا کی عد م موجودگی میں سری لنکا کی ٹیم متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ ہفتے کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گے۔ سری لنکا کی اننگز میں کپتان داشن شناکا نے سے زیادہ34 رنز24 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ راجا پاکسے نے18 گیندوں پر11رنز بنائے۔ نسانکا صفر، کوشال مینڈس چھ، کوشال پریرا چار، کمنڈو مینڈس 9، ہسرنگا8، چمیرا ایک اور تھکشانا نے8رنز بنائے۔ قبل ازیں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے، برائن بینٹ نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان سکندر رضا نے بھی 3 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ عمدہ 47 رنز بناکر ٹیم کے مجموعے کو آگے بڑھایا۔ رائن برل 18، ٹشِنگا موسیکوا 11، برینڈن ٹیلر 11، ٹیڈیوناشے مارومانی 10، بریڈ ایونز 4 اور ٹونی مُنیونگا 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ ٹینوٹینڈا مپوسا 5 اور گریم کریمر 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ سری لنکن اسپنر وانندو ہسرنگا نے 32 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایشان مالنگا 2 کھلاڑیوں کا شکار کرنے میں کامیاب رہے، دشمانتھا چمیرا اور ماہیش تھیکشانہ نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔