پشاور (اے پی پی) محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا کے زیر انتظام خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ جامعہ پشاور کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت ڈاکٹر عبدالصمد بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف اور وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے کئے۔ انکے ہمراہ ڈائریکٹر ٹورازم پراجیکٹس اینڈ ایونٹس محمد علی سید، چیئرمین ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر ذاکر اللہ جان، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی انجینئر اطہر حسین بنگش، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعد بن اویس اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ جامعہ پشاور کا ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کا ڈیپارٹمنٹ ہوٹل مینجمنٹ کیساتھ ساتھ مختصر کورسز ترتیب دے تاکہ نوجوان طلبہ مستفید ہو سکیں۔ ٹورازم انڈسٹری صرف ہوٹل مینجمنٹ تک محدود نہیں بلکہ ایڈونچر ٹورازم، فورسٹ ٹورازم، مہمان نوازی، ٹوور گائیڈ، ٹریول گائیڈ اور دیگر شعبوں تک بڑھایا جائے۔ جامعہ سے فارغ التحصیل طلبہ کو ڈیپارٹمنٹ میں انٹرنشپ کرنے سے سیکھنے کے مواقع میسر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سروس انڈسٹری کی کمی سے مختلف امور میں سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جب اداروں سے تربیت یافتہ نوجوان نسل نکلے گی تو مہمان نوازی کی اس انڈسٹری میں مزید نکھار آئے گا۔