لاہور(جنگ نیوز)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر سینیٹر سرمد علی کی زیر صدارت اجلاس میں اے پی این ایس نے وفاقی حکومت کی جانب سے اخبارات کے سرکاری نرخوں میں اضافے کے بارے میں وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے میں مسلسل تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نے گزشتہ دورِ حکومت میں سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافے کے بارے میں نہ صرف واضح اعلان کیا تھا بلکہ اپنے موجودہ دور میں بھی اس فیصلے کو دہرایا۔ لیکن 3سال کی تاخیر کے باوجود ابھی تک اس فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ،اس تاخیر سے اخباری صنعت کو شدید مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر سینیٹر سرمد علی کی صدارت میں لاہور میں ہونے والے اجلاس میں پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل پر غور کیا اور وفاقی وزارتِ اطلاعات پر زور دیا کہ وہ اپریل 2020ء تا جون 2025ء کے دوران جاری ہونے والے حکومتی اشتہارات کے بقایاجات کی جلد ازجلد ادائیگی کو ممکن بنائے ۔اجلاس میں پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی ، ڈی جی پی آر فرید احمد اور ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی لاہور ،شفقت عباس نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ اراکین نے ان عہدیداروں کو اخبارات کو درپیش واجبات کی ادائیگی کے مسائل سے آگاہ کیا اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی کہ ڈی جی پی آر کے ذمہ پرنٹ میڈیا کی مد میں تقریباً 220ملین روپے واجب الادا ہیں ۔اراکین نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ 730ملین کی رقم جو کہ DGPRکو موصول ہوچکی اس کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی ہے۔ مزید براں مالی سال 2024ء تا 2025ء کے اشتہارات کی مد میں اخبارات کو ادائیگیوں کی تقسیم کا عمل تعطل کا شکار ہے ۔ سیکرٹری اطلاعات نے یقین دلایا کہ واجبات کی ادائیگی کا عمل رواں سال دسمبر تک مکمل کردیا جائے گااور صوبائی حکومت کے محکموں سے واجبات کی وصولی کی کوششیں بھی تیز کردی گئی ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے ماہ تک ایک بڑی رقم کی ادائیگی کا عمل مکمل کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ادائیگی کی رقم تصدیقی عمل میں ہے۔ تصدیقی عمل کی کاروائی مکمل ہوتے ہی ادائیگی کردی جائے گی۔اراکین نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری اور سیکرٹری اطلاعات کی جانب سے اخبارات کو درپیش IPLٹینڈر کے اجراء پر پابندی کے انتہائی پریشان کن مسئلے کو حل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اراکین نے اخباری صنعت کے واجبات کی ادائیگی کے نظام کو مربوط اور موئثر بنانے پر سیکرٹری اطلاعات اور DGPRکے کردار کو بھی سراہا۔پنجاب کے وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کو عشائیہ دیا اراکین نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے بھی ملاقات کی، عشائیہ میں قومی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں سینیٹر سرمد علی صدر، شہاب زبیری نائب صدر ،محسن بلال جوائنٹ سیکرٹری ، نوید کاشف فنانس سیکرٹری،محسن سیال ، بلال فاروقی ، ہمایوں طارق ، نوید چوہدری، نجم الدین شیخ، بلال محمود، امتنان شاہد، سید ممتاز احمد شاہ، ایس ایم منیر جیلانی، مجیب الرحمن شامی، فیصل زاہد ملک ، محمد اویس خوشنود، ہمایوں گلزار، عرفان اطہر نے شرکت کی جبکہ محمد اطہر قاضی، وسیم احمد،عنصر محمود بھٹی،سید اکبر طاہرنے بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کی۔تنویر شاہ،محمد سرمد گلزار، عمران اطہر ، محمد فاروق اور نور اللہ ملک نے خصوصی مبصر کے طور پر شرکت کی۔اراکین نے ایڈور ٹائزنگ ایجنسیوں کی جانب سے موصول شدہ عبوری ایکریڈیشن کی درخواستوں کے بارے میں ایڈورٹائزنگ کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری دی۔اور متفقہ طور پر مندرجہ ذیل ایجنسیوں کو عبوری ایکریڈیشن دینے کا فیصلہ کیا۔1۔ میسرزایڈریچ ایڈورٹائزنگ اسلام آباد سے ایڈریچ ایڈورٹائزنگ (پرائیوٹ) لمیٹڈ اسلام آباد۔2۔ میسرز گروپ ایم پاکستان (پرائیوٹ) لمیٹڈ کراچی سے میسرزڈبلیو پی پی میڈیا پی کے (پرائیوٹ) لمیٹڈ کراچی ۔3۔ میسرزحکونا مٹاٹا لاہور سے میسرز حکونا میڈیا (پرائیوٹ) لمیٹڈ لاہور۔4۔ میسرز جی ایس ایسوسی ایٹس کراچی سے جی ایس ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایٹس(پرائیوٹ) لمیٹڈ لاہور۔5۔ میسرزاعوان برانڈ کمیونیکیشنز کراچی۔6۔ میسرز مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ (پرائیوٹ) لمیٹڈ کراچی۔