اسلام آباد(فاروق اقدس)دبئی ایئر شو 2025 میں کئی ممالک نے جے ایف-17 تھنڈر کے حصول میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ ایک دوست ملک کیساتھ جے ایف-17 تھنڈر کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دبئی ایئرشو 2025 کے موقع پر دوست ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی ایئر اسٹاف نے یو اے ای کے انڈر سیکریٹری آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر العلاوی اور کمانڈر یو اے ای ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس میجر جنرل راشد محمد الشمسی کے ساتھ بھی جامع مذاکرات کیے،مذاکرات میں جدید تربیت میں تعاون کو مضبوط بنانے، ابھرتی ہوئی ایروسپیس ٹیکنالوجیز میں شراکت داری کو فروغ دینے اور مؤثر عملی رابطہ کاری کے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔