اسلام آباد(فاروق اقدس)ڈنمارک نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی وسطی اور جنوبی ایشیا میں موجودگی کو ’سنگین خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گرد گروہ افغانستان کے عبوری حکام سے لاجسٹک اور مالی معاونت حاصل کر رہا ہے، ٹی ٹی پی نے افغان سرزمین سے پاکستان میں متعدد بڑے حملے کیے ہیں، جن میں بعض میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں بھی ہوئیں ۔ڈنمارک نے یہ خدشات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے آئی ایس آئی ایل (داعش) اور القاعدہ پر پابندی سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے نیو یارک میں بدھ کو ہونے والے اجلاس میں پیش کیے۔افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کی موجودگی طویل عرصے سے اسلام آباد اور طالبان انتظامیہ کے درمیان تنازع کا محور رہی ہے۔