راولپنڈی (جنگ نیوز)خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی پانچ مختلف کارروائیوں کے دوران 30دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔مہمند میں 4،لکی مروت میں 2، ٹانک میں ایک، ضلع کرم میں 2الگ الگ کارروائیوں کے دوران23دہشتگر مارے گئے، صدر آصف علی زرداری ،وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر شخصیات کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں4دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس میں 2دہشتگرد ہلاک ہوئے، جب کہ ٹانک میں جھڑپ کے دوران ایک دہشتگرد انجام کو پہنچا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے بعد متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیزکر دی گئی ہیں، دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا ، فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 دہشت گردہلاک کردیے گئے، ایک اور آپریشن کے دوران مزید 11 دہشت گردہلاک کردیے گئے۔ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ ملکی قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔