کراچی (ذیشان صدیقی/ اخترعلی اختر) ”ورلڈ کلچرل فیسٹیول 2025“ کے 23ویں روز پرتگال کے سفیر Manuel Frederico Pinheiro da Silva نے آرٹس کونسل کراچی کا دورہ کیا اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سے ملاقات کی۔پرتگالی سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل کی ثقافتی کاوشوں نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے۔ احمد شاہ نے پرتگالی سفیرFrederico Silva کو سندھ کی قدیم ثقافت کی عکاس ” اجرک“ سندھی ٹوپی اور گلدستہ پیش کیا جبکہ پاکستان اور پرتگال کے 75سالہ سفارتی تعلقات پر پرتگال کے سفیر نے احمد شاہ کو میڈل کی چین کا تحفہ دیا۔اس موقع پر پرتگال سفارت خانے کے پولیٹیکل اینڈ اکنامکس آفیسر David Arcao اور عہدے دار سید امین الدین فقیر سمیت ورلڈ کلچرل فیسٹیول میں پرفارم کرنے والے پرتگالی میوزیشن ریکارڈو پاسوس بھی شریک تھے۔پرتگال کے سفیر Frederico Silva نے احمد پرویز آرٹ گیلری میں منعقدہ بین الاقوامی مصوری کی نمائش، فلم اسکریننگ، ورکشاپ، آرٹس کونسل کی بیرونی دیوار پر بنائے گئے میورل آرٹ سمیت آرٹس کونسل میں جاری مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ پرتگال کے سفیر Manuel Frederico Pinheiro da Silva نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ آرٹس کونسل کراچی فنون لطیفہ کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، احمد شاہ کی ثقافتی کاوشوں نے مجھے بے حد متاثر کیا ،آرٹس کونسل کے ورلڈ کلچرل فیسٹیول میں پرتگال کے فنکار بھی حصہ لے رہے ہیں،مستقبل میں بھی پرتگال کے مزید فنکار آرٹس کونسل کراچی میں پرفارم کریں گے۔ہم پاکستان اور پرتگال کے ثقافتی رشتے کو مضبوط کریں گے۔صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ 300 نوجوانوں پر مبنی ٹیم میرے شانہ بشانہ کام کرتی ہے۔