کراچی (جنگ نیوز) ”پاکستان آئیڈل“ میں اتوار کی شب ایک نیا موڑ آنے والا ہے، جب ”گالا راؤنڈ“کے لائیو اسٹیج پر مقابلہ ایسی شدت اختیار کرے گا جس کی مثال پہلے کبھی نہیں ملی۔ شاندار سیٹ ڈیزائن، جدید لائٹنگ اور میوزک پروڈکشن کے ساتھ اتوار کا شو ایک نئے معیار کی جانب بڑھ رہا ہے کیونکہ نئی قسط میں چند ایسی پرفارمنسز پیش ہونے والی ہیں جنہوں نے ریہرسل کے دوران ہی ججز کو حیران کردیاتھا۔ بعض نوجوان گلوکاروں نے اپنے انداز اور سُروں پر ایسی مضبوط گرفت دکھائی ہے کہ موسیقی کے ناقدین بھی انہیں ”پاکستان آئیڈل کی ریس کا فیورٹ“ قرار دے رہے ہیں۔ اس شو میں سب سے زیادہ توجہ ججز کے فیصلوں اور عوام کی ووٹنگ پر ہوگی، مقابلہ سخت ہے، دباؤ شدید ہے اور ہر انٹری پر شائقین کی نظریں جمی ہیں۔ ٭ اداکارہ، ماڈل اور فیشن ڈیزائنر آمنہ ملک نے کہا ہے کہ انہیں بچپن ہی سے اداکاری کا شوق تھا۔ یہ بات انہوں نے ”جیو نیوز“ کے شو ”ہنسنا منع ہے“ میں گفتگو کے دوران بتائی۔ آمنہ ملک نے شو میں اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداکار ہمایوں سعید کا دماغ پڑھنا چاہتی ہیں کیونکہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ اُن کے ذہن میں بہت ہیومر اور دلچسپ باتیں ہوتی ہیں۔پروگرام میں موجود خواتین نے بھی آمنہ ملک سے اُن کی شوبز زندگی سے متعلق دلچسپ سوالات پوچھے، جن کا انہوں نے بھرپور اعتماد کے ساتھ جواب دیا۔تابش ہاشمی کی میزبانی میں تفریح سے بھر پور شو شب 11 بج کر 5 منٹ پر نشر ہوگا۔