لاہور( مقصود اعوان سے) جماعت اسلامی کے ’’بدل دو نظام ‘‘اجتماع عام کے دوسرے روز مختلف شعبوں کے ماہرین نے شر کاء کے لہو کو خوب گرمایا۔ احمد بلال محبوب چیئر مین پلڈاٹ پاکستان نے بلدیاتی نظام پر۔ شمس الرحمنٰ سواتی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن نے محنت کشوں کے مسائل پر۔ اور ارسلان خان خاکوانی امیر جماعت اسلامی ضلع بہاولنگر نے زراعت کے موضوع پر خطاب کیا۔ دوسرے سیشن میں قومی ہیروز قرار پانے والی شخصیات کو ایوارڈ تقسیم کیے گئے ۔ حافظ نعیم سٹیج پر آئے تو ہزاروں شرکا نے کھڑے ہو کر انکا فقید المثال استقبال کیا اور ’’قدم بڑھائو " نعیم الرحمن ہم تمہارے ساتھ ہیں، بدل دو نظام کو‘‘ ہم تمہارے ساتھ ہیں جیسے نعرے لگائے۔ اجتماع کے پنڈال میں خواتین کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، جو چھوٹے بچوں کے ساتھ اجتماع کی کارروائی انہماک سے دیکھ رہی تھیں۔ خواتین جماعت اسلامی اور فلسطین کے پرچم بھی لہراتیں جس سے ان کا جوش و ولولہ ظاہر ہوتا۔ اجتماع میں والدین کے ساتھ آنیوالے بچوں اور بچیوں کی بہت بڑی تعداد نے جماعت اسلامی اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کے ربن ماتھے پر باندھ رکھے تھے جن پر پرجوش اور یکجہتی کے نعرے لکھے ہوئے تھے۔ عام شہریوں کی بھی بہت بڑی تعداد نے اجتماع میں شرکت کی۔حافظ نعیم نے عام کارکنوں کی طرح مختلف کاموں میں ہاتھ بھی بٹایا۔