راولپنڈی(اپنے نامہ نگار سے) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور صوبہ بھر میں ویسٹ مینجمنٹ، صاف ستھرے شہروں اور ماحولیاتی بہتری کے لیے شروع کیے گئے سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر بھر میں صفائی اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کی جامع مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اسٹیٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور لینڈ ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کی 13 رہائشی ہاؤسنگ سکیموں اور آر ڈی اے کے دائرہ اختیار میں موجود 64 ہاؤسنگ سکیموں میں صفائی کے بہتر اور موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ مہم کے تحت جمع شدہ کوڑا کرکٹ، ملبہ اور غیر ضروری رکاوٹوں کو صاف کیا جائے گا جبکہ صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے ہدایت کی کہ آر ڈی اے کے دائرہ اختیار میں آنے والی 64 منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں واقع قبرستانوں میں بھی خصوصی صفائی مہم چلائی جائے۔ اس مہم کے دوران قبرستانوں میں موجود کچرے اور ملبے کی صفائی، لینڈ اسکیپنگ اور اردگرد کے ماحول کی نگہداشت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ آر ڈی اے ایک صاف، صحت مند اور ماحول دوست راولپنڈی کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، جو صوبائی حکومت کے وژن کے عین مطابق ہیں۔