• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مینار پاکستان، اجتماع عام کا دوسرا روز، کسی ادارے کا سربراہ ہو، صدر یا وزیراعظم، قانون و احتساب سے کسی کو استثنیٰ نہیں، حافظ نعیم

لاہور(نمائندہ خصوصی )امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کسی ادارے کا سربراہ ہو، صدر یا وزیر اعظم ،قانون و احتساب سے کسی کو استثنیٰ نہیں، اب سرداروں ،وڈیروں اوربیوروکریسی کا نہیں اللہ کا نظام ہوگا۔تین روزہ اجتماع عام اج اتوار کو بعد از دوپہر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے کلیدی خطاب کے بعد اختتام پذیر ہو جائے گا۔اجتماع عام کے دوسرے روز ”جہان نو ہورہا ہے پیدا“کے عنوان سے آخری سیشن میں 45ممالک سے آئے ہوئے 120مندوبین نے شرکت کی۔لاہور مینار پاکستان میں اجتماع عام کے دوسرے روز سیشن کے آغاز میں لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہاکہ خاندان، وصیت اور وراثت میں چلنے والی پارٹیاں کبھی بھی انقلاب نہیں لاسکتیں،جماعت اسلامی نظریاتی وجمہوریت جماعت ہے،حکمران جمہوریت کی نرسری کالج و یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹس کے انتخابات نہیں کروانا چاہتے، خاندان، وصیت اور وراثت پر چلنے والی پارٹیاں نوجوانوں سے خوف زدہ ہیں۔مسلم لیگ ن کے ظالمانہ بلدیاتی ایکٹ کے ذریعے تمام اختیارات پر قبضہ کرنا چاہتی ہے،میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز سن لیں کہ پنجاب کے ظالمانہ ایکٹ کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ایکٹ کے خلاف ملک بھر میں بھرپور تحریک چلائیں گے۔ پنجاب کے تمام شہریوں میں صاف وشفاف بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں اور تمام اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں۔جب نچلی سطح پر اختیارات منتقل کیے جائیں گے تو اجارہ داری نظام کا خاتمہ ہوگا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بہت بڑے جاگیردار اورجمہوریت کے دعویدار ہیں۔وہ بتائیں کہ انہوں نے سندھ کے ہاریوں کو ان کے حقوق کیوں نہیں دیے؟،سندھ کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کیوں نہیں دی جاتی؟،ڈیلی ویجز پر کام کرنے والی خواتین کو ان کے حقوق کیوں نہیں دیے جاتے؟،پورے ملک میں سرمایہ دارانہ ذہنیت کے تحت غریب کو مزید غریب کیا جارہا ہے،سندھ میں سرمایہ دارانہ ذہنیت کے خاتمے اور ظلم کے نظام کے خاتمے کے لیے بھی بدل دو نظام تحریک کو چلانا ہوگا۔معیشت، تجارت یا تعلیم ہو سب سے جاگیرداروں اوروڈیروں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اول تو پنجاب کے شہروں میں انتخابات ہی نہیں کروانا چاہتے اوراختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے کسی صورت تیار نہیں،میاں محمد نواز شریف تمام اختیارات جاگیرداروں، وڈیروں اور خانوں کو دے کر مزید انہیں طاقت ور بنارہے ہیں۔ کارکنان ظلم کی ہر شکل کو بدلنے کے لیے جدوجہد کو تیز کریں۔ہم آئین و دستور کے مطابق قرآن و سنت کے خلاف تمام ترامیم کو مسترد کرتے ہیں،ہمیں موقع ملا تو ملک کے آئین و دستور کے مطابق اختیارات گراس روٹ لیول تک پہنچائیں گے،گلی اور محلے کی سطح پر عدل و انصاف قائم کرنے کے لیے کمیٹیاں بنائیں گے،پی ٹی آئی کا ورکر ہو یا مسلم لیگ ن کا سب کو اپنے ساتھ ملائیں اور بدل دو نظام تحریک کا حصہ بنائیں۔کارکنان اصولی موقف کو قائم رکھتے ہوئے سب کو اپنے ساتھ لے کر چلیں گے تو بہت جلد انقلاب آپ کو دستک دے گا۔جماعت اسلامی کے کارکن سردی گردی اور ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرلیں گے لیکن ظلم کے نظام کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ بھٹو اور عمران خان نے جاگیردار کے خلاف نعرہ لگایا تھا لیکن انہی لوگوں کو اپنا سرپرست بھی بنالیا تھا،جاگیرداروں اور وڈیروں کو اپنے سروں پر بٹھا کر تبدیلی کا نعرہ نہیں لگایا جاسکتا،ہم کسی کی آشیر باد سے نہیں بلکہ عوامی رائے سے اقتدار میں آئیں گے۔پہلے جاگیردار اور اب کارپوریٹ جاگیردار ہیں جو عوام کو مزید غلام بنارہے ہیں، کسانوں کو ان کی محنت کا حصہ دلوائیں گے،کسانوں کی قسمت میں غلام بن کر رہنا نہیں ہے بلکہ کسانوں ان کا حصہ ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسان کو اختیار نہیں کہ زمین پر خدا بن کر عوام پر ظلم کرے،اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام ہی قائم ہوگا،ربوبیت صرف اور صرف اللہ کی ہے۔مینار پاکستان کے سائے تلے لاکھوں انسان اس بات کا اعلان کررہے ہیں کہ رب کے سوا کسی کی معبودیت قبول نہیں کریں گے۔ہم امریکہ اور اس کے حواریوں کو خوش کرنے کے لیے نہیں بلکہ اللہ کی حاکمیت اور اس کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔بد قسمتی سے ہمارے حکمران امریکہ سے ڈرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بیوروکریسی کا نظام بھی یہی ہے کہ یہ لوگ عوام کو خادم اور خود حکمران بن جاتے ہیں۔ سارے اختیارات پر وڈیرے،جاگیردار، خوانین اور بیوروکریٹ کے پاس ہیں جو اپنے سے اوپر کے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے 25 کروڑ عوام کا استحصال کرتے ہیں۔حافظ نعیم نے کہاکہ حکمران نوجوانوں کی تعلیمی نسل کشی کررہے ہین اور قوم کو جاہل بنارہے ہیں۔بد قسمتی سے پاکستان میں کسی بھی سیاسی پارٹی کے ایجنڈے میں تعلیم نہیں ہے۔ ملک میں 2 کروڑ 62 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔پڑھے لکھے حکمران قوم کو جاہل بنارہے ہیں اور اپنے بچوں کو باہر پڑھارہے ہیں۔کارکنان گلی گلی،محلوں میں جاکر پیغام پہنچائیں کہ 78 سال سے مسلط حکمران قوم کو جاہل بنا کر خود اقتدار کے مزے لے رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید