کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ڈینگی سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، محکمہ صحت سندھ نے یومیہ صورتحال رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے ضلع شرقی میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے 77 اور نجی اسپتالوں میں 54 نئے مریض سامنے آئے، یوں صوبے میں داخل مریضوں کی مجموعی تعداد 109 ہوگئی۔ کراچی ڈویژن کے سرکاری اسپتالوں میں 32 جبکہ حیدرآباد میں 28 نئے مریض داخل ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق سرکاری اسپتالوں سے 67 اور نجی اسپتالوں سے 59 مریض صحتیاب ہوئے۔ صوبے بھر میں 4101 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 449 مثبت آئے، کراچی کی لیبارٹریوں میں 215 اور حیدرآباد میں 234 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔