کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کینٹ اسٹیشن پر کارگوٹرین میں آگ لگنے کے باعث ٹرین کی دو بوگیوں میں موجود سامان جل گیا، تفصیلات کے مطابق کینٹ اسٹیشن ریلوے پھاٹک پر کھڑی کارگو ریل میں اتوار کو اچانک آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے تیز ہوتی چلی ، آگ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر آگ پر قابو پانے کا عمل شروع کردیا ،ترجمان کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو آگ کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم بمعہ ایمبولینس اور فائر ٹینڈر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی۔فائر ٹینڈر موقع پر پہنچا تو ریسیکو ٹیم کو معلوم ہوا کہ مال بردار ٹرین کی دو بوگیوں میں آگ لگی ہے،ریسیکو ٹیم نے فوری امدادی عمل شروع کرکے دونوں مال برادر بوگیوں میں لگی آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا،آتشزدگی کے باعث کارگو ٹرین کی ایک بوگی میں موجود سامان مکمل طور پرجل کرخاکستر ہوگیا جبکہ دوسری بوگی میں رکھے ہوئے سامان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم ریسیکو ٹیم نےباقی سامان کو نکال کر اس کو جلنے سے بچالیا،جلنے والےکارگو بوگیوں میں کپڑا اور دیگر سامان موجود تھا،آتشزدگی کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، فوری طور پرآگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں ہیں۔