کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آفیسرز ایکشن کمیٹی پاکستان کراچی ڈویژن کی صدر سیدہ رباب جعفری نے کہا ہے کہ کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے، انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اپیل کی کہ وہ کراچی آکر سب کی طرح کے ایم سی اور ٹی ایم سیز ملازمین کو بھی انصاف دلائیں، آباد کے راہنمائوں نے بھی فیلڈ مارشل سے کہا ہے کہ انویسٹرز کراچی میں پیسہ لگانا چاہتے ہیں، لیکن شہر کا انفراا سٹرکچر، امن، زمینوں پر سندھو دیش اور فتنہ الہندوستان کے خوارج کے قبضے اور کچے کے ڈاکوئوں کو زمینوں کی الاٹمنٹ جیسے واقعات کراچی کو تنزلی کی طرف لے جا رہے ہیں، انہوں نے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے بھی اپیل کی کہ وہ کے ایم سی کے 12ہزار ملازمین کے 10 سال کے واجبات کی ادائیگی کرائیں، 25ہزار پنشنرز کو جولائی 2019ءکےاضافے 15فیصد سالانہ کی ادائیگی نہیں کی گئی۔