• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جبر و استحصال پر مبنی نظام کیخلاف بھرپور اور منظم جدوجہد مزید تیز کی جائے، پشتونخوا نیپ

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتون افغان ملت کو درپیش سنگین اور تشویشناک صورتحال سے نجات کا واحد راستہ یہ ہے کہ پشتونخوا وطن کی تمام سیاسی و جمہوری قوتیں ایک مشترکہ قومی ایجنڈے پر متفق ہوکر قومی محاذ کی تشکیل کریں اور ملک پر مسلط بالادست قوتوں، امریت نواز طاقتوں اور جبر و استحصال پر مبنی نظام کے خلاف بھرپور اور منظم جدوجہد کو مزید تیز کریں۔ رہنماؤں نے کہا کہ ضلع پشین کی ضلعی کانفرنس، جو سالارِ شہدا خان شہید کی 52 ویں برسی سے منسوب ہے، پارٹی کی قومی و سیاسی جدوجہد میں ایک انتہائی قابلِ تحسین اور تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز پروفیسر اسد ترین، محمود ریااورضلع ڈپٹی سیکریٹری اسماعیل خان، سمیع اللہ خان بازئی، لعل گل خان، اورنگزیب ایڈووکیٹ اور مولاداد ٗ صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز پروفیسر اسد ترین، محمود ریاض، نصیب اللہ کلیوال، روزی خان، سردار فیصل خان ترین، ملک عزیز کاکڑ اور رحمت اللہ خان نے بوستان علاقائی کمیٹی اور یارو علاقائی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاسوں میں 02 دسمبر کو منعقد ہونے والی ضلعی کانفرنس کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پارٹی پشتون قومی سیاسی تحریک کے ہراول دستے کی حیثیت سے ہر فورم پر پشتون افغان ملت کو درپیش سیاسی، معاشی اور آئینی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے دیرینہ حل کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ پشتونخوا نیپ کی قیادت پشتونخوا وطن کی تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو متحد کرنے، انہیں مشترکہ قومی ایجنڈے پر متفق کرنے اور قومی یکجہتی کو تقویت دینے کے لیے سنجیدہ کوششوں میں مصروف ہے، کیونکہ موجودہ کٹھن اور اذیت ناک صورتحال سے نکلنا کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں۔ لہٰذا مشترکہ قومی جدوجہد وقت کی اہم اور بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 52 ویں برسی کی مناسبت سے ضلعی کانفرنس کا انعقاد ایک خوش آئند قدم ہے۔ پارٹی رہنما اس موقع پر خان شہید کی تاریخی جدوجہد، ان کی جمہوری مزاحمت اور عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی عہدیداران، ایگزیکٹیوز اور کارکنان بڑی تعداد میں کانفرنس میں شرکت کرکے خان شہید اور دیگر شہدا کے افکار و نظریات سے اپنی وابستگی کا اظہار کریں گے اور انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید