کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 3افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ،تفصیلات کے مطابق کورنگی گلزارکالونی میں موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے دوسر ے موٹر سائیکل پر سوار شخص پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 51سالہ نیازاحمد ولد مولا بخش جاں بحق ہوگیا ،پولیس کے مطابق مقتول کا آبائی تعلق رحیم یارخان سے خود بھی جرائم پیشہ تھا، مقتول کے خلاف ضلع وسطی کے 2تھانوں 2 مقدمات درج ہیں ،مسلح ملزمان مقتول کی موٹر سائیکل اوراس کی جیب سےقیمتی موبائل فون لیکر موقع پرسےفرار ہو گئے ، لانڈھی نیومظفرآباد کالونی ابوحریرہ مسجد کےقریب ہیئرڈریسرکی دکان کے باہر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 60 سالہ محمد رزاق عرف کاکی ولد شیرزادہ کوقتل کر دیا اور موقع پرسے فرارہوگئے،پولیس کے مطابق مقتول پیشے کے لحاظ سے رکشا ڈرائیور، آبائی تعلق سوات سے تھا،ناظم آباد تھانہ کی حدود انو بھائی پارک کے قریب اتوار کی شب فائرنگ کے واقعے میں 30سالہ ثمینہ زوجہ عدنان زخمی ہوگئی ،جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال کے لیے ریفر کر دیا گیا ، تاہم اتوار اور پیر کی درمیانی شب سول سپتال کے ٹراما سینٹر میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی ، پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون اپنی فیملی کے ہمراہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آن لائن ٹیکسی کے ذریعے آرہی تھی کہ نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جوچلتی گاڑی میں خاتون کے جبڑے میں لگی۔