کراچی ( اسٹاف رپورٹر) خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن (25نومبر) کے سلسلے میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (پائلر) کی جانب سے پیر کو ایک کمیونٹی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد صنفی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش اجاگر کرنا اور متاثرہ خواتین کے لیے معاون نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دینا تھا،پائلر آفس میں منعقدہ اس نشست میں بڑی تعداد میں مزدوروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، سماجی کارکنوں، طلبہ اور مقامی کمیونٹی کے رہائشیوں نے شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پائلر عباس حیدر نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مسلسل کوششیں ضروری ہیں،شميم علی نے کہا کہ خواتین کو قانونی چارہ جوئی اور دستیاب تحفظاتی طریقۂ کار کے بارے میں آگاہ ہونا چاہیے،کمیونٹی موبلائزر مریم نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کوئی نجی معاملہ نہیں بلکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، عالمی مہم 10 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگی، جو دنیا بھر میں یومِ انسانی حقوق کے طور پر منایا جاتا ہے۔