اسلام آباد( نیو زرپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف سے ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والے ارکان قومی اسمبلی نے منگل کے روز ملاقات کی۔ نو منتخب ارکان میں بابر نواز، بلال فاروق تارڑ ، بلال بدر چوہدری، راجہ دانیال، حافظ نعمان ، چوہدری طفیل جٹ اور محمود قادر لغاری شامل تھے،وزیراعظم نے نو منتخب اراکین قومی اسمبلی کو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم سے وفاقی وزراءاحسن اقبال ، چوہدری سالک اور رکن قومی اسمبلی شمشیر علی مزاری نے بھی ملاقات کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی، قائد میاں نواز شریف کے ویژن، انکی بے مثال قیادت اور پارٹی کارکنان کی محنت کی بدولت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی صوبے کی عوام کی خوشحالی و ترقی کیلئے ان کی محنت پر عوام کے اعتماد کی عکاسی ہے، انہوں نے نومنتخب ارکان سے کہا کہ امید ہے آپ اپنے حلقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دل جمعی سے کام کریں گے،میں یہ بھی امید کرتا ہوں کہ آپ قومی اسمبلی میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے قانون سازی میں بھرپور شریک ہوں گے اور اپنا اہم کردار ادا کریں گے ۔