• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی ائیر شو میں 202 ارب ڈالر کے ریکارڈ معاہدے، پاکستان پویلین توجہ کا مرکز

دبئی (سبط عارف) دبئی ائیر شو 2025 میں 202ارب ڈالر کے ریکارڈ معاہدے، پاکستان پویلین بھرپور توجہ کا مرکز، تاریخ کی سب سے زیادہ شرکت، جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارے نے صلاحیتوں سے شرکا کو متاثر کیا۔ غیر ملکی دفاعی ماہرین و حکام کا پاکستان پویلین کا دورہ، پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت و صلاحیتوں کو سراہا۔ دبئی حکومت اور ایونٹ منتظمین کے مطابق دبئی ائیر شو 2025 ریکارڈ 202 ارب ڈالر کے معاہدوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ رقم 2023 میں ہونے والے معاہدوں کے مقابلے میں دوگنی ہے۔ اس ایونٹ میں 248,788 افراد نے شرکت کی، جو دبئی ائیر شو کی تاریخ میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں میں پاکستانی بھی شامل تھے۔ ائیر شو میں 115 ممالک کی نمائندگی موجود تھی، جبکہ 1,500 نمائش کنندگان نے ایونٹ میں حصہ لیا، جس سے عالمی ہوا بازی، دفاع اور خلائی شعبے میں دبئی کے بڑھتے ہوئے کردار کا اظہار ہوتا ہے۔ پاکستان پویلین بھی ائیر شو کے دوران بھرپور توجہ کا مرکز رہا۔ پاک فضائیہ نے جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارہ پیش کیا، جس نے اپنی کارکردگی اور صلاحیتوں سے شرکا کو متاثر کیا۔ اسی طرح سپر مشاق تربیتی طیارہ بھی مستقل طور پر دلچسپی کا باعث بنا رہا۔
اہم خبریں سے مزید