لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے اقبال حسین خان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تجارت مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کے نتیجے میں چٹاگانگ اور کراچی کے درمیان ایک براہِ راست کارگو سروس کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے دسمبر سے براہِ راست پروازیں شروع ہوجائینگی،تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا ۔ کراچی چٹاگانگ ڈائریکٹ کارگو سروس پر مثبت پیش رفت ہوچکی ہے اور یہ سروس شروع ہوجائے تو دونوں ممالک کے درمیان سامان کی ترسیل تیز، کم لاگت اور زیادہ مؤثر ہو جائے گی، جس سے تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ لاہور چیمبر کی سفارش پر ویزا تین دن میں جاری ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار نہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس آمد کے بعد صدر فہیم الرحمٰن سہگل سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر بنگلادیش ہائی کمیشن کے سفارتکار محفوظ الحسن بھی موجود تھے۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی حکومتیں اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تجارت بڑھانے کے لیے متعدد عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں بنگلہ دیش کے وزیر برائے کامرس جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور پاکستانی ہم منصب سے اہم میٹنگز کریں گے۔