اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے منگل کے روز چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی،اس موقع پر جدید سٹلائٹ امیجز، ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال، اور تعلیمی اشتراک سمیت متعدد کلیدی شعبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، سی ڈی اے سکول اور سپارکو کے مابین تعلیمی اشتراک بڑھانے کے حوالے سے ایم او یو کرنے پر اتفاق کیا گیا،چیئر مین سپارکو نے سی ڈی اے کیلئے جدید لیب قائم کرنے کے حوالے سے اپنے بھرپور تکنیکی معاونت کا یقین دلایا۔ ملاقات میں میں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا سمیت سی ڈی اے اور سپارکو کے سنئیر افسران نے بھی شرکت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سپارکو کی جدید سیٹلائٹ امیجز کی بدولت مختلف سیکٹرز میں اراضی کے مسائل کو حل کرنے سمیت غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے بروقت خاتمے کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ سیٹلائیٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیکٹورل اور نان سیکٹورل علاقوں میں شہری منصوبہ بندی زیادہ بہتر انداز میں ممکن ہوگی،سپارکو کے اس تعاون سے اسلام آباد کی ترقی اور شہری منصوبہ بندی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے سی ڈی اے کیساتھ بھرپور تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔