• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کا نیا سیکریٹری جنرل کون ہوگا؟ انتخاب کا عمل شروع

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اقوام متحدہ میں نئے سیکریٹری جنرل کے انتخاب کا عمل شروع ہوگیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق رکن ممالک کو یکم جنوری 2027 میں شروع ہونے والی نئی مدت کے لیے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جگہ پر نامزدگی بھیجنے کی دعوت دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے 193 رکن ممالک کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عالمی بین الحکومتی تنظیم کو بین الاقوامی تعلقات، سفارت کاری اور زبان کی مہارت میں وسیع تجربہ رکھنے والے امیدواروں کی تلاش ہے۔

خط کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہ ایک ایسا عہدہ ہے جس کے لیے کارکردگی، اہلیت اور دیانتداری کے اعلیٰ ترین معیارات اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پختہ عزم کی ضرورت ہوتی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق کچھ رکن ممالک سیکریٹری جنرل کے لیے ایک خاتون کو منتخب کرنے کی وکالت کر رہے ہیں جس پر اقوام متحدہ کی قیادت نے اپنے خط میں افسوس کے ساتھ لکھا کہ آج تک کوئی خاتون سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز نہیں ہوئیں۔

خط میں رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ خواتین کی نامزدگی پر سختی سے غور کریں۔

خط کے مطابق امیدواروں کو ریاست یا ریاستوں کے ایک گروپ کی جانب سے پیش کیا جانا چاہیے، امیدواروں کی فہرست اور فنڈنگ ​​کے ذرائع جمع کروانے چاہئیں۔

میڈیا رپورٹس کے شفافیت کے طریقہ کار کو برقرار رکھنے کے لیے امیدوار عوامی انٹرویوز سے گزر سکتے ہیں، یہ طریقہ سب سے پہلے 2016 کے انتخاب کے دوران استعمال کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مدت 31 دسمبر 2026 کو مکمل ہوگی۔ وہ جنوری 2017 سے دسمبر 2021 تک اس عہدے پر فائض رہے پھر یکم جنوری 2022 سے دسمبر 2026 تک دوسری مدت کے لیے اس عہدے پر رہیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید