اسلام آباد (محمد صالح ظافر/خصوصی تجزیہ نگار) سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی اورسابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق جھوٹی خبریںوائرل ہوگئیں۔بھارتی میڈیا نے شر انگیز افواہوں کو خوب پھیلایاجبکہ اڈیالہ جیل انتظامیہ نے ان تمام خبروں کو لغواور بے بنیاد قرار دیاہے ۔ذرائع کے مطابق عمران خان بدھ کی شب پُرتکلف پکوان سے لطف اندوز ہوئے، بھنی مچھلی کھائی اور مرغ کا سوپ پیا۔ واضح رہے کہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے اس خبر کو پھیلانے کیلئے افغانستان کے کسی غیر معروف ٹی وی کی خبر کا حوالہ دیا جس نے ذرائع کے حوالے سے خبر تراشی تھی۔ بھارت کے مرکزی میڈیا نے جس میں ان کے بڑے ٹی وی چینلز بھی شامل تھے اور جو پاکستان کے خلاف افواہیں خبریں بنا کر پیش کرتے ہیں اس افواہ کی اس طرح تشہیر کی کہ جیسے یہ صدی کی ایک بڑی خبر ہو۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کے ذرائع نے بھارتی اخبارات کے ذریعے پھیلائی جانے والی ان افواہوں کو ’’بوگس‘‘ گمراہ کن اور لغو قرار دیا ہے جن میں تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ عمران خان کی جیل میں پراسرار طورپر مو ت واقع ہوگئی ہے ۔بدھ کی شام قدرے تاخیر سے جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفورانجم سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کے عملے نے بتایا کہ وہ سونے کے لئے چلے گئے ہیں‘ عملے سے اس قیاس آرائی کے بارے میں دریافت کیا گیا تو اس نے صاف لفظوں میں بتایا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے‘ ایک دوسرے ذریعے نے سختی کے ساتھ اس کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی شب عمران خان پرتکلف پکوان سے لطف اندوز ہوئے جس میں بھنی مچھلی اور سوپ بھی شامل تھا ۔