کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےچائناافریقہ اینڈ ایشیا اکنامک ٹریڈ کوآپریشن کے وفد سے ملاقات اور لوویانگ ماڈرن بائیولوجی کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی میزبانی کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی 1 کروڑ 40 لاکھ ایکڑ زرخیز زرعی زمین اور بڑھتے صنعتی زون بڑے پیمانے پر چینی سرمایہ کاری کے لیے مثالی ماحول فراہم کرتے ہیں،سندھ آج ایک ترقی کے لیے تیار صوبہ ہے جس کی پشت پر مضبوط ادارے، سازگار پالیسیاں اور بڑی انفراسٹرکچر پیش رفت موجود ہے، اجلاس میں بائیوٹیکنالوجی، زرعی جدت اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں وسیع دوطرفہ اور سہ فریقی تعاون کی تجاویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سندھ کو ترقی کے لیے تیار صوبہ بتاتے ہوئے اس کی 1 کروڑ 40 لاکھ ایکڑ زرخیز زمین اور پھیلتے ہوئے صنعتی زونز کو صوبے کی بڑی صلاحیت قرار دیا۔اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، صوبائی وزیر ماہی پروری و لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی، سیکرٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ، سیکرٹری فشریز و لائیو اسٹاک کاظم جتوئی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ چینی وفد کی قیادت ہو یوی جاؤ کر رہے تھے جبکہ لوویانگ ماڈرن بائیولوجی کے اعلیٰ حکام وانگ شانپو، وانگ چوانگئے، بائی شیو، یاو شن لی اور ژانگ شِنگ وے بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے پاکستان اور چین کی گہری دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو اجاگر کیا۔،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ کے صنعتی جدیدیت، بائیوٹیکنالوجی کی ترقی اور زرعی ویلیو چین کے فروغ کے وژن کو بیان کیا۔ انہوں نے کہا، کہ سندھ آج ایک ترقی کے لیے تیار صوبہ ہے جس کی پشت پر مضبوط ادارے، سازگار پالیسیاں اور بڑی انفراسٹرکچر پیش رفت موجود ہے۔ انہوں نے چینی کمپنیوں کو بائیوٹیکنالوجی، دواسازی، اسمارٹ زراعت اور لائیو اسٹاک میں جدت کے شعبوں میں اعلیٰ قدر کی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔